بھٹکل:8؍فروری (ایس اؤ نیوز) ساحل آن لائن وڈیو نامی یو ٹیوب چینل کی مقبولیت کے بعد بھٹکل کے حالات، بھٹکل کے پروگرامس، نوائطی نظمیں اور مقامی پریس میٹ، اسپورٹس و دیگر لائیو نشریات وغیرہ کےلئے ساحل آن لائن کی جانب سے ایک نئے یو ٹیوب چینل ساحل آن لائن بھٹکل کے نام سے شروع کیا گیا ہے جس کا اجراء مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے چیف قاضی مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی کے ہاتھوں اور ان کی دُعا کے ساتھ کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ صحافت یا میڈیا کا کام خبروں کی نقل کرکے عوام تک پہنچانا نہیں ہے بلکہ خبر کی تہہ تک پہنچ کر سچائی اور حقیقت کو لوگوں کے سامنے لانا ہے اور ساحل آن لائن پچھلے 20برسوں سے اپنی ٹیگ لائن ’’سچائی کا عکس ‘‘ پر عمل پیرا رہتے ہوئے یہی کام دیانت داری، امانت اور انصاف سے انجام دے رہاہے۔ بیک وقت انگریزی، اردو اور کنڑا میں حقائق کو عوام تک پہنچانا قابل مبارکباد ہے۔
نئے یوٹیوب چینل ’’ساحل آن لائن بھٹکل ‘‘ کا افتتاح کرنے کے بعد مولانا نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کو صرف خبروں کی خبرگیری نہیں کرنی ہے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ایک داعی ہونےکا فریضہ بھی انجام دینا ہے۔ اگر خبروں میں کوئی ایک جملہ بھی کسی کے لئے تجسس کا باعث بن جائے اور اس کے ذریعے وہ ہدایت تک پہنچنے تووہ بہت بڑا کام ہوگا۔ مولانا نے موجودہ دور کے جھوٹے گودی میڈیا کی بھیڑبھاڑ میں ساحل آن لائن کی سچائی پر مبنی مساعی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید ترقی کرنےکی دعا دی۔
مولانا نے نئے چینل کے اجراء پرد مبارکبادی پیش کرتےہوئے کہاکہ موجودہ دور کے جھوٹے کے پلندوں کے میڈیا میں ساحل آن لائن ہمیشہ سچائی پر چلے یہی ہماری دعا ہے۔ ساحل آن لائن کی 20 سالہ کامیاب کاوشوں کی ستائش کرتے ہوئے مولانا نے کہاکہ جن مصائب ، مشکلات اور پریشانیوں کو جھیلتے ہوئے ساحل آن لائن یہاں تک پہنچا ہے وہ کوئی آسان راہ نہیں تھی، مگر مستقل مزاجی کے ساتھ جو کام ملک وملت کے لئے انجام دیا ہے وہ یقینا ً قابل مبارکباد ہے۔ مولانا نے ساحل آن لائن کی فکر کرتے ہوئے کہاکہ 20برسوں کے بعد بھی کرایے کی عمارت میں کسمپرسی کی حالت میں ملی خدمات کو انجام دیاجارہاہے۔ انہوں نے بھٹکل کے اہلِ ثروت حضرات سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ بہت جلد اس سلسلے میں راہیں آسان کرے گا۔
تقریب کے دوران نئے یوٹیوب چینل ’’ساحل آن لائن بھٹکل ‘‘ کا پرومو پیش کرتےہوئے کہاگیا کہ ساحلی پٹی سے نکل کر بحرہ عرب کی لہروں سے ترغیب پاتےہوئے پورے عالم میں سچائی کو عوام تک پہنچانے کا فریضہ انجام دے رہے ’’ساحل آن لائن ‘‘ نے بھٹکل و اطراف کی صدیوں پر محیط تہذیب، تاریخ اور ثقافت کو پورے عالم میں متعارف کرانے کے لئے’’ساحل آن لائن بھٹکل ‘‘ کے نام سے ایک نئے یوٹیوب چینل کا اجراء ہواہے۔ اس چینل کے ذریعے علاقےمیں منعقد ہونے والے راست نشریات ، عوامی ذوق کے مطابق نوائطی حمد، نعت، گیت اور کھیل کود کی خبروں کو پیش کیاجائےگا۔ پوری دنیا میں پھیلے ہوئے بھٹکل و اطراف کے عوام کو علاقے کی ہر طرح کی خبروں سے باخبر رہنےمیں یہ چینل معاون ہوگا۔
افتتاحی تقریب میں قومی سماجی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے نائب صدر عتیق الرحمن منیری نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتےہوئےکہاکہ ساحل آن لائن کی ٹیم قوم وملت کی جس طرح خدمات انجام دےر ہا ہے وہ قابل ستائش اور قابل مبارکباد ہے۔ انہوں نے قوم سےخطاب کرتےہوئے کہاکہ ساحل آن لائن کو خود کفیل بنانے کی ذمہ داری قوم اور قوم کے باثروت لوگوں کی ہے۔ اس سلسلےمیں جو بھی خدمات انجام دی جارہی ہیں اس کو زندہ رکھنے کے لئے قوم کا تعاون ضروری ہے۔ جدہ جماعت کے سابق جنرل سکریٹری قمر سعدا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتےہوئے ساحل آن لائن کو 20برس مکمل کرنے اور نئے یوٹیوب چینل کے افتتاح پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے مستقبل میں مزید بڑے کام انجام دینےکی نیک خواہش کا اظہارکیا۔
اس موقع پر ساحل آن لائن کے مینجنگ ایڈیٹر عنایت اللہ گوائی نے عوام الناس سے درخواست کی کہ وہ ساحل آن لائن کے نئے یو ٹیوب چینل کو سبسکرائب کریں ۔ اس نئے چینل کا یوٹیوب اڈرس اس طرح ہے: https://www.youtube.com/sahilonline
تقریب کا آغاز ساحل آن لائن کے اینکر مولوی صفوان موٹیا کی تلاوت سے ہوا۔ مینجر مبشر حسین ہلارے نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔ نصیف ائیکری نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈائس پر سنئیر صحافی ڈاکٹر محمد حنیف شبابؔ صاحب بھی موجود تھے۔ وڈیو ٹیم کے نگراں کار حافظ امین زہیب دامدا ابو نے پرومو پیش کیا۔ساحل آن لائن کےبزنس مینجر یحییٰ ہلارے سمیت دیگر اسٹاف وغیرہ موجود تھے۔